عمر شریف کی عظیم صوفی بزرگ عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار کے احاطے میں تدفین کیلئے محکمہ اوقاف سندھ اور مزار انتظامیہ نے انتظامات شروع کردیئے

عمر شریف کیلئے مزار کے داخلی راستے سے ملحق قبرستان میں قبر تیار کی جائے گی، عمر کی عبد اللہ شاہ غازی کے مزا ر کے احاطے میں تدفین کی آخری خواہش پوری کرنے پر سندھ حکومت کی مشکور ہوں‘ زریں عمر نماز جنازہ مفتی تقی عثمان پڑھائیں گے ، جس جس نے کڑے وقت میں ساتھ دیا سب کی مشکور ہوں ‘ اہلیہ کی ویڈیو بیان میں گفتگو

کراچی (حالات نیوز ڈیسک) معروف مزاحیہ اداکار عمر شریف کی عظیم صوفی بزرگ حضرت سید عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار کے احاطے میں تدفین کیلئے محکمہ اوقاف سندھ اور مزار انتظامیہ نے انتظامات شروع کردیے ہیں،عمر شریف کیلئے مزار کے داخلی راستے سے ملحق قبرستان میں قبر تیار کی جائے گی جس کے تھوڑے سے فاصلے پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ محترمہ شیریں جناح آرام فرما ہیں ۔
عمر شریف کے ایک مداح کا کہنا ہے کہ انہیں بزرگان دین سے بے پناہ عقیدت تھی وہ حضرت سید عبد اللہ شاہ غازی سے جنون کی حد سے محبت کرتے تھے اور اکثر اوقات رات گئے مزار پربغیر کسی پروٹوکول کے آتے اور کافی دیر تک یہاں بیٹھ کر وظائف کرتے تھے۔ ایک مداح کا کہنا ہے کہ 7اکتوبر 2010کو مزار سید عبداللہ شاہ غازی پر بم دھماکہ کے واقعہ کے چند روز بعد یہاں عرس کی تقاریب تھیں جس کی وجہ سے مزارکو انتہائی حساس قرار دیا گیا اس صورتحال میں عمر شریف نے میزبان کر عرس کی تقاریب میں شرکت کی اور مرکزی تقریب میں کمپئرنگ کی ذمہ داری سنبھالی اس دوران انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے وصال کے بعد ان کی تدفین حضرت سید عبداللہ شاہ غازی کے قد موں میں ہو۔

عمرشریف کے بارے میں ایک مداح کا کہنا ہے کہ مزار سے ملحق چشمہ مبارک میں قیام پذیر ایک بزرگ خاتون جودادی اماں کے نام سے مشہور تھیں عمرشریف ان کے ہاں بھی حاضری دیتے تھے اس دوران ان کی اہلیہ زریں غزل اکثر ان کے ہمراہ ہوتی تھیں۔
دوسری جانب لیجنڈ اداکار عمر شریف کی اہلیہ زریں عمر نے کہا ہے کہ پاکستان ، بھارت سمیت دنیا بھر میں بسنے والے پرستاروں کی دعائوں کی وجہ سے عمر شریف علاج کیلئے جرمنی تک پہنچے تھے ،اب وہ جس سفر پر روانہ ہو رہے ہیں انہیں اس میں آسانی کیلئے اپنے پرستاروں کی دعائوں کی اسی طرح ضرورت ہے ، شکر گزار ہوں کہ سندھ حکومت نے عمر شریف کی عبد اللہ شاہ غازی کے مزارکے احاطے میں تدفین کی آخری خواہش کو بھی پورا کیا ہے۔
جرمنی سے جاری ویڈیو بیان میں زریں عمرنے کہاکہ میں وزیر اعظم عمران خان ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، مرتضیٰ وہاب ، وسیم بادامی،ڈاکٹر طارق شہاب ،جرمنی کے سفیر ،قونصلر جنرل اورجس جس نے بھی اس کڑے وقت میں ہماری مدد کی ان کی انتہائی مشکور ہوں ۔انہوںنے کہا کہ عمر شریف بزرگان دین سے انتہائی لگائو رکھتے تھے اور ان کی خواہش تھی کہ دنیا سے جانے کے بعدانہیں صوفی بزرگ عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن کیا جائے، اس حوالے سے سندھ حکومت سے درخواست کی گئی جسے منظور کر لیا گیا ہے ،میری مفتی تقی عثمانی سے بات ہوئی ہے وہ عمرشریف کی نماز جنازہ پڑھائیں گے۔
زریں عمر نے روتے ہوئے کہاکہ میری جب سے عمر شریف کے ساتھ شادی ہوئی ہے میں ہرجگہ ان کے ساتھ جاتی تھی ،وہ اس سفر میں بھی مجھے اپنے ساتھ لے جاتے ،مجھے اکیلے چھوڑ کر کیوں سفر پر روانہ ہو گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں