برطانیہ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر، برطانیہ کا اہم اعلان

نادرا کی جانب سے جاری ہونے والے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ اب برطانیہ میں قابل قبول ہوں گے، پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنرکی تصدیق

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) برطانیہ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر، نادرا کی جانب سے جاری ہونے والے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ اب برطانیہ میں قابل قبول ہوں گے، پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنرنے تصدیق کر دی۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ سفر کرنے والے پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ اب پاکستانی مسافر اپنے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے ساتھ برطانیہ کا سفر کر سکیں گے۔
پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نادرا کی جانب سے جاری ہونے والے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ اب برطانیہ میں قابل قبول ہوں گے۔اس سے قبل برطانیہ اپنی منظور شدہ ویکسین کی فہرست سمیت پاکستان میں لگائی جانے والی ویکسین کو قبول نہیں کرتا تھا۔

کرسچن ٹرنر نے یہ بھی تسلیم کیا کہ پاکستان کا ریڈ لسٹ میں ہونا انتہائی مایوس کن تھا کیونکہ اس نے دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان رابطے کو روک دیا تھا جس کی وجہ سے ہر کسی کو نقصان اٹھانا پڑا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں برطانیہ نے پاکستان کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے نکال دیا تھا۔اس حوالے سے برطانوی ٹرانسپورٹ سیکرٹری گرانٹ شاپس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ برطانیہ نے پاکستان، ترکی اور مالدیپ سمیت 8 ممالک کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بین الاقوامی سفر کیلئے 4 اکتوبر سے نیا نظام متعارف کرا رہے ہیں۔
برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق ریڈ لسٹ سے نکلنے والے ممالک میں پاکستان کے علاوہ ترکی، مصر، مالدیپ، سری لنکا، عمان، بنگلا دیش اور کینیا بھی شامل ہیں۔دوسری جانب پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھاکہ برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں جانتاہوں کہ پچھلے 5 ماہ بہت سے لوگوں کیلئے کتنے مشکل تھے، ریڈ لسٹ سے نکلنے کے بعد مکمل ویکسین شدہ افراد کو پاکستان سے برطانیہ آنے پر قرنطینہ نہیں کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ برطانیہ کی ریڈ لسٹ میں شامل ممالک سے آنے والے افراد کو 10 دن کیلئے ہوٹل میں قرنطینہ کرنا پڑتا ہے جس کے اخراجات کی مد میں انہیں 2285 پاؤنڈز (5 لاکھ 27 ہزار روپے پاکستانی ) اضافی ادا کرنے پڑتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں