اغواء کے بعد 3 بار بیچی جانے والی میٹرک کی 2 طالبات بازیاب

دونوں طالبات کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ، پولیس نے لڑکیوں کےاغواء اور انہیں فروخت کرنے کے دھندے میں ملوث 5 ملزمان کو خفیہ معلومات ملنے پر ٹریس کرکے گرفتار کرلیا

راولپنڈی ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی سے اغواء کیے جانے کے بعد 3 بار بیچی جانے والی میٹرک کی 2 کو طالبات بازیاب کرالیا گیا ، پولیس نے مغوی طالبات کو بھکر سے بازیاب کرکے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے 2 ماہ پہلے اغواء ہونے والی دسویں جماعت کی 2 طالبات کو بھکر سے بازیاب کروایا ہے ، جنہیں تھانہ رتہ امرال کی حدود ڈھوک حسو سے اغواء کیا گیا اور اغواء کے بعد دونوں طالبات3 مختلف جگہوں پر فروخت کی گئیں۔
اس حوالے سے راولپنڈی پولیس نے بتایا ہے کہ واقعے میں ملوث 5 اغواء کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے، ان اغواء کاروں کو خفیہ معلومات ملنے پر ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا ، گرفتار ملزمان لڑکیوں کےاغواء اور اس کے بعد انہیں فروخت کرنے کے دھندے میں ملوث پائے گئے۔

دوسری طرف ساہیوال میں حافظ قرآن لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں سہیلی کی ماں نے متاثرہ لڑکی کو قرآن خوانی میں شرکت کیلئے گھر لے جاتے ہوئے اغوا کروایا اور پھر 3 افراد کے ہاتھوں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنوا ڈالا ، یہ واقعہ ساہیوال کے نواحی علاقے چک 52 فائیو ایل میں پیش آیا جہاں حافظ قر آن 16 سالہ لڑکی کی عزت تار تار کر دی گئی، محمد عرفان ،محمد رفیق،منیر احمد نامی جنسی درندوں نے 2 خواتین کی مدد سے متاثرہ لڑکی کو اغوا کرنے کے بعد اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد 5 افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا اور اب تک دو ملزمان عرفان اور محمد رفیق کو گرفتار کیا جا چکا ، متاثرہ لڑکی کو 11ستمبر کو قرآن خوانی میں شرکت کے بہانے اس کی سہیلی کی ماں گھر سے لے کر نکلی اور پھر راستے میں پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت طالبہ کو اغوا کر لیا گیا ، محمد عرفان،محمد رفیق اور منیر احمد نامی ملزمان اپنی ساتھی خواتین کیساتھ مل کر متاثرہ لڑکی کو ایک گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام پر لے گئے جہاں معصوم لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں