آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے ڈائریکٹر سی آئی اے کی ملاقات

راولپنڈی (حالات نیوز ڈسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید سے امریکی خفیہ ایجنسی (سی آئی اے) کے سربراہ ولیم جوزف برنز نے ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے ڈائریکٹر سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے ) ولیم جوزف برنز نے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ خطے میں امن اور افغان عوام کے مستحکم اور خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے پ±رعزم ہے۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے تعاون جاری رکھے گا، افغانستان میں دیرپا امن کے لیے بھی ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ جبکہ ملاقات میں ولیم جوزف برنز نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، افغانستان سے کامیاب انخلاء آپریشن اور پاکستان کی علاقائی استحکام کے لیے کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ غیرملکیوں کے کامیاب انخلا میں پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنیکے عزم کا اعادہ کیا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے جبکہ سی آئی اے چیف ولیم جوزف برنز اس سے قبل افغانستان اور بھارت کا بھی دورہ کر چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں