افغان طالبان نےپنجشیر کے تمام اضلاع پر کنٹرول حاصل کر لیا

کابل (حالات نیوز ڈسک) ’وسطی پنجشیر کے مقام پر مزاحمتی فورس سے جنگ جاری ہے،مزاحمتی فورس کا اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا ہے‘ افغان طالبان کا پنجشیر کے تمام اضلاع پر کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق طالبان نے افغانستان کے صوبے پنجشیر کے تمام اضلاع پر کنٹرول کا دعویٰ کردیا۔افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان کے ثقافتی کمیشن کے نائب سربراہ احمد واثق نے دعویٰ کیا کہ طالبان نے وادی پنجشیر کے تمام اضلاع کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ وسطی پنجشیر کے مقام پر مزاحمتی فورس سے جنگ جاری ہے۔اس کے علاوہ طالبان کی جانب سے بڑی تعداد میں مزاحمتی فورس کا اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔تاہم مزاحمتی فورس کے ترجمان فہیم دشتی نے طالبان کے دعوے کی تردید کی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ مزاحمتی فورس نے طالبان سے پریان ضلع کا کنٹرول واپس حاصل کرلیا ہے اورطالبان کو بھاری جانی نقصان پہنچایا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں طالبان اور پنجشیر کی قومی مزاحمتی فورس کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے بعد وادی پنجشیر میں جنگ جاری ہے۔فریقین کی جانب سے متعدد بار ایک دوسرے کو جانی نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ پنجشیر پر افغان طالبان کا کنٹرول قائم ہونے کے بعد امر اللہ صالح اور مزاحمتی گروپ کے سربراہ احمد مسعود کے تاجکستان فرار ہو جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ پنجشیر میں فتح حاصل کرنے کے بعد افغان طالبان کی جانب سے کابل میں ہوائی فائرنگ کر کے خوشی منائی جا رہی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ پنجشیر میں جنگ لڑنے والے مزاحمتی اتحاد نے طالبان کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کر لیا جس کے بعد ہی جنگ رکی۔ دوسری جانب یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ پنجشیر میں دیگر اضلاع طالبان کے کنٹرول میں جانے کے بعد وادی کے مرکزی بازار میں فیصلہ کن لڑائی اب بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان طالبان نے پنجشیر پر بھرپور قوت سے حملہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں