’کابل پر قبضے کے دوران ہمارے سفارتخانے کا خیال رکھا جائے‘ امریکہ نے طالبان سے یقین دہانی مانگ لی

کابل (حالات میڈیا ڈسک) امریکہ کی جانب سے طالبان سے یقین دہانی مانگی گئی ہے کہ کابل پر قبضے کے دوران ہمارے سفارتخانے کا خیال رکھا جائے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکہ کی طرف سے طالبان سے یقین دہانی لینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ وہ افغان دارالحکومت پر قبضے کے بعد امریکی سفارتخانے پر حملہ نہ کریں ، اس ضمن میں تین امریکی عہدیداروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ امریکی مذاکرات کار طالبان سے یہ یقین دہانی کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اگر ان کی طرف سے ملک کی حکومت سنبھالی جاتی ہے تو اگر وہ کبھی غیر ملکی امداد لینا چاہتے ہیں تو اس کے لیے وہ کابل میں امریکی سفارت خانے پر حملہ نہیں کریں گے۔ذرائع کے مطابق طالبان کے ساتھ مذاکرات میں امریکہ کے چیف ایلچی زلمے خلیل زاد کی سربراہی میں یہ کوشش اس لیے کی جارہی ہے کیوں کہ طالبان افغانستان کے شہروں پر تیزی سے قبضہ کر رہے ہیں اس صورتحال میں امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ سفارتخانے میں تعینات 1400 امریکیوں کی ایک غیر متعین تعداد کو واپس بلا رہا ہے تاہم کابل میں بنیادی سفارتی موجودگی کے طور پر سفارت خانے سے مکمل انخلا نہیں کیا جائے گا۔
دوسری طرف طالبان افغان دارالحکومت کابل سے صرف 90میل دور رہ گئے، ہرات، غزنی کے بعد افغانستان کے دوسرے بڑے شہر قندھار کا بھی مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے جب کہ افغان حکومت کابل اور چند علاقوں تک محدود رہ گئی ہے ، اس صورتحال میں امریکا اور برطانیہ نے اپنے شہریوں اور اپنے سفارتی عملے کو کابل سے نکالنے کے لیے فوج کابل بھیجنے کا اعلان کیا ہے ، دو ہفتوں کی لڑائی کے بعد افغان طالبان ہلمند کے دارالحکومت لشکرگاہ پر قبضہ کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے ، افغان فوج کے اعلیٰ حکام ہیلی کاپٹر کے ذریعے لشکر گاہ سے نکل گئے اورافغان فورسز کے 200 اہلکاروں نے ہتھیار ڈال دئیے۔عرب میڈیا کے مطابق طالبان تیزی سے شہری علاقوں پر کنٹرول حاصل کر رہے ہیں ، طالبان نے 15 صوبائی دارالحکومتوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے ، طالبان نے فیروز کوہ اور قلعہ نو کا بھی کنٹرول حاصل کرلیا ہے ، افغان طالبان پہلی مرتبہ افغان فوج کے کسی کور ہیڈکوارٹر پر بھی قبضہ کرنے میں کامیاب ہوگئے ، افغان طالبان نے اہم صوبائی دارالحکومتوں پر قبضے کے بعد فوج کے کور ہیڈ کوارٹر سمیت مزید 2 ائیرپورٹس پر بھی قبضہ کرلیا۔افغان میڈیا کے مطابق طالبان فاراہ، بدخشاں اور صوبہ بغلان کے بعد اب قندوز ائیرپورٹ پر قابض ہوگئے ہیں جب کہ طالبان نے افغان نیشنل آرمی کے 217 پامر کور ہیڈکوارٹر کا بھی کنٹرول حاصل کرلیا ، طالبان نے جوزان شہر کے شبرغان ائیرپورٹ کا کنٹرول بھی حاصل کرلیا ، اس تمام صورتحال میں امریکا کی جانب سے بھی ہنگامی فیصلہ کیا گیا ہے ، امریکا نے کابل سے اپنا تمام سفارتی عملہ ہنگامی طور پر واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ، اس مقصد کیلئے اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران 2 سے 4 ہزار امریکی کابل بھیجے جائیں گے، جو امریکی سفارتی عملے اور امریکی شہریوں کا افغانستان سے انخلائ یقینی بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں