شہباز نے کہا اجلاس میں عمران آئے تو میں نہیں آؤنگا: فواد چوہدری

شہباز نے کہا اجلاس میں عمران آئے تو میں نہیں آؤنگا: فواد چوہدری

وفاقی وزیرِ اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آ رہے تھے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو پیغام گیا کہ وزیرِ اعظم آئیں گے تو وہ نہیں آئیں گے۔

جیو نیوز کے مارننگ شو جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری دعا اور کوشش ہے کہ افغانستان میں پرامن حکومت قائم ہو، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ افغانستان میں مذاکرات ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 30 لاکھ افغانی پاکستان میں موجود ہیں، مزید آ گئے تو معاشی بوجھ بڑھ جائے گا، طالبان کا حکومت میں آنا اتنا آسان نہیں ہو گا، ہم چاہتے ہیں کہ افغان طالبان اور غنی حکومت میں مذاکرات ہوں۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ ہمارے خدشات اس وقت ہوتے ہیں جب بھارت افغان سر زمین ہمارے خلاف استعمال کرتا ہے، کوشش ہے طالبان اور افغان حکومت میں کشیدگی کم ہو۔

انہوں نے کہا کہ بجلی فیول پر پیدا ہو رہی ہے، فیول کی شارٹیج ہو تو لوڈشیڈنگ شروع ہو جاتی ہے، تربیلا میں پانی کی آمد سے بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔

وزیرِ اطلاعات کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ساری بجلی امپورٹڈ فیول پر بنائی، امپورٹڈ فیول میں کمی آنے پر بجلی کا سسٹم بیٹھ جاتا ہے، بجلی کی ڈسٹری بیوشن کا نظام نہیں ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لوڈ شیڈنگ مزید 3 دن اور رہے گی، اس وقت بجلی کی پروڈکشن کرنے والے پلانٹ کام نہیں کر رہے، تربیلا ڈیم میں اگلے 3 دن میں پانی آ جائے گا، 2 مزید یونٹس کام کرنا شروع کر دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں