کراچی کے علاقے لیاری مولا مدد محلے میں رہائشی عمارت پر دستی بم حملہ کیا گیا ہے، موٹر سائیکل سوار ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔
کراچی کے گنجان آبادی والے علاقے لیاری میں ایک زیرِ تعمیر رہائشی منصوبے کے باہر دستی بم حملے سے خوف و ہراس پھیل گیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سٹی کراچی سرفراز نواز کے مطابق لیاری کے چاکیواڑہ تھانے کی حدود میں مولا مدد بس اسٹاپ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے ایک رہائشی عمارت کے باہر دستی بم سے حملہ کیا۔
پولیس کے مطابق آریان پلازہ کے باہر واردات افطاری سے کچھ دیر بعد کی گئی۔ دھماکے سے گڑھا پڑ گیا تاہم کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا۔ دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ایس ایس پی سرفراز نواز کے مطابق واقعہ دہشت گردی نہیں بلکہ دو گروپوں کی مبینہ چپقلش کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق آریان پلازہ کا تعمیراتی کام کچھ عرصہ قبل تنازعے کی وجہ سے روک دیا گیا تھا جو مبینہ طور پر حال ہی میں دوبارہ شروع کیا گیا تھا کہ اس کے باہر حملہ ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق یہ پلازہ کراچی پولیس کے ہاتھوں گرفتار لیاری گینگ وار کے معروف سرغنہ کے لوگوں کا ہے جس کی تعمیرات میں کچھ بے قاعدگیاں پائی گئی ہیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق ان کے رضاکار اور ایمبولینسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے تھےتاہم کوئی ایسا شخص نہیں ملا جسے اسپتال میں طبی امداد کی ضرورت ہوتی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس علاقے سے شواہد جمع کر رہی ہے۔
ایس ایس پی سرفراز نواز کے مطابق واقعے کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے، اور کہا کہ تحقیقات کے بعد ہی حملے کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔