کراچی کے علاقے ملیر کی پولیس نے ابراہیم حیدری سے اغواء ہونے والے ڈیڑھ سالہ بچے کو 6 گھنٹے بعد بازیاب کروا کر 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لےلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل جانچ کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں صبح سویرے گھر میں ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر 3 ملزمان گھر میں داخل ہوئے جو 3 لاکھ کےلگ بھگ نقدی اور سونا لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ جاتے جاتے ڈیڑھ سال کے توقیر کو بھی اغواء کر کے لے گئے۔
بعد ازاں ملیر پولیس نے 6 گھنٹے بعد معصوم بچے کو بازیاب کرا لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ اغواء ہوا تھا یا کروایا گیا، تحقیقات کر ر ہے ہیں، 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن کے بیانات حاصل کر لیے ہیں۔
حکام کے مطابق والدین اور زیرِ حراست ملزمان کے بیانات میں تضاد ہے، گھر میں 4 ملزمان داخل ہوئے جنہوں نے لوٹ مار کی، اس دوران ملزمان نے 2 لاکھ 50 ہزار روپے نقد، سونا اور موبائل فون لوٹ لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملےکی مکمل جانچ کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا، واقعے میں ملوث عناصر کو باقاعدہ گرفتار کریں گے۔