سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ، گاڑی پُل سے نیچے جا گری

جدہ(انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب میں ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک گاڑی پُل سے نیچے آ گری ہے۔ اس حادثے میں دو افراد زخمی ہیں جبکہ دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ سعودی اخبار المرصد کے مطابق یہ واقعہ جدہ کی الستین سٹریٹ کے چوک پر پیش آیا ہے جب ایک گاڑی التحلیہ پُل سے گزرتے ہوئے اچانک نیچے جا گری۔
اس حادثے کی وجہ ڈرائیور کا گاڑی پر کنٹرول کھو بیٹھنا تھا۔ گاڑی کئی میٹر بلندی سے نیچے گری تو ایک اور گاڑی بھی اس کی زد میں آگئی۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک گاڑی کا ڈرائیور بُری طرح سے اندر پھنسا ہوا تھا۔ جسے شہری دفاع کے اہلکاروں نے کوشش کے بعد باہر نکال لیا۔ دو زخمیوں میں سے ایک کو معمولی چوٹیں آئی تھیں جسے مرہم پٹی کر کے بھیج دیا گیا جبکہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کے ڈرائیور کو ہلال احمر کی ایمبولینس کے ذریعے کنگ فہد ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا جب ٹریفک خاصی زیادہ تھی۔ گاڑی کے پُل سے نیچے انڈر پاس میں گرنے سے بہت دیر تک ٹریفک کا نظام معطل رہا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل مکہ میں بھی ایسا حادثہ پیش آیا تھا جب ایک کاراونچے پُل سے نیچے جا گری ، جس کا ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا، اور اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ یہ حادثہ مکہ مکرمہ کے کنگ خالد پُل پر پیش آیا جب ایک گاڑی دوسری گاڑی سے ٹکرانے کے بعد پُل کی ریلنگ توڑتی ہوئی نیچے جا گری۔
اس حادثے کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا تھا۔ جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی۔ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع اور ہلال احمر کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمی ڈرائیور کو فوری طور پر کنگ فیصل ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق اس حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر لوگوں کا بڑا ہجوم اکٹھا ہو گیا تھا، جسے منتشر کر کے ٹریفک کی روانی بحال کی گئی۔
حادثے کے دوران دوسری گاڑی اور اس کا ڈرائیور پوری طرح محفوظ رہے۔جبکہ کچھ عرصہ قبل ریاض شہر میں بھی پیش آیا تھا جس میں ایک ڈرائیور ہلاک ہو گیا تھا۔ ریاض پولیس کے مطابق شاہراہ عمر بن عبدالعزیز پر ایک ریت سے بھرا ہوا ٹرک پُل پر بے قابو ہو کر نیچے انڈر پاس میں جا گرا، جس کے نتیجے میں ایک شخص کی ہلاکت ہو گئی تھی۔ ایک ٹرک کا ڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا جس کے نتیجے میں ٹرک پہلے ایک رُکی ہوئی گاڑی سے ٹکرایا اور پھر نیچے سرنگ میں گر گیا ک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک کار ڈرائیور ہلاک ہو گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں