گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن کینسل کر دیا‎ گیا

عوام کی سہولت کے لیےسبسڈائزڈ گھی اور دیگر سبسڈائزڈ اشیاء کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا: ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن کینسل کر دیا‎ گیا۔ تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر فروخت ہونے والے برانڈڈ گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں سے متعلق ادارے کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے۔ ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پریمئم گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹیفیکیشن کینسل کر دیا ہے۔
پریمئم گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں پر مینوفیکچررز کی جانب سے قیمتیں بڑھانے کے بعد نظرثانی کی گئی، عوام کی سہولت کے لیےسبسڈائزڈ گھی اور دیگر سبسڈائزڈ اشیاء کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے، عوام کو بہترین اشیاء ارزاں نرخوں پر مہیا کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔

واضح رہے کہ بدھ کی صبح خبر سامنے آئی تھی کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی اور آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا ہے، اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے تحت برانڈڈ گھی کی فی کلو قیمت میں 38 روپے تک اضافہ کیا گیا، جس کے بعد 354 روپے والا فی کلوبرانڈڈ گھی کا پیکٹ 392 روپے کا ہو گیا تھا۔ اسی طرح تیل کے فی کلو پیکٹ کی قیمت 33 روپے بڑھا دی گئی، جس کے بعد برانڈڈ آئل کی فی کلوقیمت 355 سے بڑھا کر388 کر دی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 5 کلو والے برانڈڈ گھی کے ڈبے کی قیمت میں187 روپے تک اضافہ کیا گیا، اور پانچ کلو والے گھی کی قیمت 1795 سے بڑھا کر1982 روپے مقرر کی گئی۔
تاہم اب یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن گھی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے جاری کیے جانے والا مذکورہ نوٹیفکیشن منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے گھی، آٹا اور دال پر30 فیصد سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم کے اعلان کے مطابق سبسڈی کیلئے120 ارب کا پیکج مختص کیا ہے، یہ سبسڈی اگلے6 مہینے کیلئے ہوگی تاکہ مشکل وقت نکل جائے، پیکج سے 2 کروڑ خاندان مستفید ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں