پنجاب حکومت کا صوبے میں مزید 86 نئے کالجز قائم کرنے کا اعلان

جدید تعلیم ہر بچے کا حق ہے، صوبہ بھر میں مزید 86 نئے کالجز قائم کئے جائیں گے، پنجاب کے تمام اضلاع میں کالجز اور یونیورسٹیاں بننے سے طلبہ کو گھر کے قریب اعلیٰ تعلیم کے مواقع ملیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار

لاہور (حالات نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی پنجاب حکومت نے صوبے میں مزید 86 نئے کالجز قائم کرنے کا اعلان کردیا ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جدید تعلیم ہر بچے کا حق ہے، صوبہ بھر میں مزید 86 نئے کالجز قائم کئے جائیں گے، پنجاب کے تمام اضلاع میں کالجز اور یونیورسٹیاں بننے سے طلبہ کو گھر کے قریب اعلیٰ تعلیم کے مواقع ملیں گے ، ذہین اور مستحق طلبہ کو83 کروڑ 40لاکھ روپے کے رحمت اللعالمینﷺ سکالر شپ دئیے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی ، اس دوران صوبائی وزیر نے ہائر ایجوکیشن سے متعلق اقدامات سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا ، اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کی جامعات میں چپ ڈیزائننگ ٹولز پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے ، سیالکوٹ میں سٹیٹ آف دی آرٹ انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنائی جا رہی ہے، پنجاب میں اب تک 75 نئے کالجزبنائے گئے ہیں ، تعلیم دوست اقدامات کی بدولت عالمی اور ایشیائی رینکنگ میں پنجاب کی 21 یونیورسٹیاں شامل ہوئی ہیں۔

دوسری طرف 95 فیصد پاکستانیوں نے پنجاب میں پہلی سے 12ویں جماعت تک قرآن پاک کی تعلیم لازمی قرار دینے کا فیصلہ درست قرار دے دیا ، اس حوالے سے گیلپ پاکستان نے پنجاب حکومت کی جانب سے پہلی سے 12 ویں جماعت تک قرآن پاک کی تعلیم لازمی قرار دینے کے فیصلے سے متعلق ایک سروے کیا جس میں ملک بھر سے 1400 سے زائد افراد شریک ہوئے ، سروے کے مطابق دیہی اور شہری حلقوں میں پنجاب حکومت کے فیصلے کی بھرپور حمایت کی گئی، دیہی علاقوں میں 96 فیصد جبکہ شہری علاقوں کے 95 فیصد عوام پنجاب حکومت کے فیصلے کے حامی نظر آئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں