سیالکوٹ تا کھاریاں موٹروے ایک اچھا منصوبہ ہے، تعریف کرتے ہیں، سینئر ن لیگی رہنما،ملک احمد خان

لاہور (حالات نیوز ڈسک) سینئر ن لیگی رہنما نے تحریک انصاف کے موٹروے منصوبے کی تعریف کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ملک احمد خان کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی حکومت کے ایک منصوبے کی تعریف کی گئی۔ لیگی رہنما نے اعتراف کیا کہ سیالکوٹ تا کھاریاں موٹروے ایک اچھا منصوبہ ہے، اس منصوبے کی تعریف کرتے ہیں۔
ملک احمد خان کے مطابق اگر حکومت اچھا کام کرے گی تو اس کی ضرور تعریف کریں گے۔ لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ شاہراہوں کے کئی منصوبے ایسے ہیں جو ہمارے دور میں شروع ہوئے تاہم ان کی تکمیل تحریک انصاف کی حکومت کے دوران ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پنجاب میں اپنے پہلے موٹروے منصوبے کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔نجی شعبے کی شرکت سے 69 کلومیٹر طویل سیالکوٹ تا کھاریاں موٹروے 27 ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہو گی۔منصوبے کے آغاز کیلئے حالیہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے بورڈ کے اجلاس میں ہائی وے اتھارٹی اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور سلطان محمود اینڈ کمپنی کے درمیان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ معائدے کی منظوری دی گئی۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاکہ ملک میں نجی شعبے کی شرکت سے 27 ارب 80 کروڑ روپے کی موٹر وے منصوبہ بنایا جائے گا ، منصوبہ کی منفرد سرمایہ کاری سے ملک میں ترقیاتی منصوبوں کی سرمایہ کاری میں بڑا ا?غاز ہو گا۔بوٹ بنیاد پر تعمیر ہونے والی چار لین 69 کلومیٹر طویل شاہراہ کی لاگت 27 ارب 80 کروڑ روپے ہے ، فنانشل کلوز کے بعد منصوبے کو دو سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا ،منصوبہ پر ٹول وصولی کی مدت 25 سال رکھی گئی ہے ،منصوبے کو لاہور سیالکوٹ موٹر وے اور مستقبل میں تعمیر ہونے والی کھاریاں راولپنڈی سے منسلک کیا جائے گا۔ یہاں واضح رہے کہ رواں برس مئی میں سیالکوٹ کھاریاں موٹروے منصوبے کا ٹینڈر جاری کیا گیا تھا۔جبکہ منصوبہ کی کمرشل، فنانشل فزیبیلٹی سٹڈی ، لین دین کے طریقہ کار ، اور پروپوزل پیکج کی درخواست کی منظوری مارچ میں دی گئی تھی۔ اس حوالے سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ شمالی پنجاب کے لیے موٹروے وزیراعظم عمران خان کا ایک بہت بڑا تحفہ ہوگا۔ اس موٹروے کی تعمیر کے بعد جہلم کا اسلام آباد سے فاصلہ صرف 45 منٹ کا رہ جائے گا۔ گوجر خان، سوہاوہ اور دینہ اسلام آباد کے نواحی علاقے بن جائیں گے، چکول، جہلم، کھاریاں، لالہ موسیٰ، وزیر آباد کی معاشی اہمیت میں بھی بے پناہ اضافہ ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں