گوجرانوالہ: رشتہ مانگنے پر لڑکی کے باپ اور بھائیوں نے نوجوان کے ٹکڑے کرکے لاش نہر میں بہادی

گوجرانوالہ (بیورو رپورٹ) صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں رشتہ مانگنا جرم بن گیا، لڑکی کے باپ اور بھائیوں نے نوجوان کے ٹکڑے کرکے لاش نہر میں بہادی۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ گوجرانوالہ کے علاقے سیٹلائٹ میں پیش آیا ، جہاں صرف رشتہ مانگنے کے جرم میں لڑکی کے باپ اور بھائیوں نے نوجوان لڑکے کو ٹکڑے کرکے لاش کو نہر میں بہا دیا۔
بتایا گیا ہے کہ رضوان نامی نوجوان اپنے رشتے کے لئے طارق نامی شخص کے گھر گیا اور اس سے اس کی بیٹی کا رشتہ مانگا، جس پر طارق اور اس کے بیٹے عمر اور امیر حمزہ طیش میں آگئے اور رشتہ مانگنے والے رضوان کو قتل کردیا ، صرف یہی نہیں بلکہ ظالموں نے اس کی لاش کے ٹکرے ٹکرے کرنے کے بعد اسے بیگ میں ڈال کر نہر میں پھینک آئے۔
معلوم ہوا ہے کہ رضوان کے گھر والوں کی طرف سے گمشدگی کی اطلاع تھانہ کینٹ پولیس کو دی گئی، جس پر پولیس نے تفتیش شروع کردی، شواہد و جدید تکنیکی بنیادوں پر ملزم طارق اور اس کے دونوں بیٹوں کو شامل تفتیش کیا گیا تو ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا ، جس کے بعد تھانہ کینٹ پولیس نے طارق اور اس کے بیٹوں عمیر اور امیر حمزہ کو گرفتار کرکے سیٹلائٹ پولیس کے حوالے کردیا جہاں سیٹلائٹ ٹاو¿ن پولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
اسی طرح کے ایک اور واقعے میں صوبہ پنجاب کی تحصیل صادق آباد میں ناجائز تعلقات کے الزام پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائ اور ٹکٹ ہولڈر نے ساتھیوں کے ہمراہ اپنی بھتیجی اور اس کے آشنا کو قتل کرکے لاشیں نہر میں بہادیں ، یہ افسوسناک واقعہ صادق آباد کے علاقہ بستی علامہ سائیں دہ گوٹھ میں پیش آیا ، جہاں مسمات طاہرہ قمر دختر قمر الدین ولانہ اور اس کا قریبی رشتہ دار 25 سالا طالب علم احسان خالق ولانہ محبت کی شادی کرنا چاہتے تھے تاہم باہمی رنجش پر طاہرہ کے چچا پی ٹی آئی صوبائی حلقہ 265 کے ٹکٹ ہولڈر جام اللّٰہ یار ولانہ نے دیگر ملزموں صبغت اللہ، اعجاز، امان اللّٰہ اور داد ولانہ کے ہمراہ احسان خالق اور طاہرہ قمر کو اغوائ کرنے کے بعد کمرے میں بند کردیا اور تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گلا دبا کر انہیں قتل کردیا جب کہ دونوں کی لاشوں کو نہر میں بہا دیا۔
بتایا گیا ہے کہ واقعے کا علم ہونے پر ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکاروں نے نہر سے لاشیں نکالنے کے بعد مقدمہ درج کرلیا ، پوسٹمارٹم کے بعد مقتولین کی نعشیں ورثائ کے حوالے کردی گئیں جب کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر کو حراست میں لے لیا گیا ، پولیس کو شبہ ہے کہ دوہرے قتل کیلئے ولانہ برادری کا جرگہ ہوا جس میں قتل کا فیصلہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں