میرانشاہ میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا

میرانشاہ: (نیوز ڈیسک) شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں شہید ہونے والے جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صوبیدار اصغر علی، سپاہی نسیم خان، سپاہی محمد زمان کی نمازِ جنازہ آبائی علاقوں میں ادا کی گئی، شہداء کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نمازِ جنازہ میں سینئر حاضر و ریٹائرڈ افسران، سپاہی اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز تینوں جوان میران شاہ میں دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔