آئی ایم ایف کی شرائط پوری کر دیں، اب معاہدے میں کوئی رکاوٹ نہیں: وزیر اعظم

لاہور: (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط خلوص نیت سے پوری کر دیں، اب معاہدہ میں کوئی رکاوٹ نہیں، آئی ایم ایف کے سربراہ سے ایک گھنٹہ خود بات کی اور یقین دلایا، اگر آئی ایم ایف کے معاہدے میں تاخیر ہوئی تو قوم سے خطاب کروں گا۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ بطور وزیر اعلیٰ لاہور کے 14 حلقوں میں اسٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس کمپلیکس بنائے، 2018 کے الیکشن میں جب دھاندلی کے نتیجے میں ایک فسطائی حکومت آئی تو تمام منصوبے بند کر دیئے، کبھی صاف پانی، کبھی لاہور صاف کرنے کے نتیجے میں نیب کے چکر لگوائے گئے، اس 4 سالہ دور نے پورے ملک کی ترقی کی رفتار ختم کر دی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کی مدد سے نواز شریف کے تمام منصوبوں کو بند کر دیا گیا، ہم نے سڑکوں کا جال بچھایا، سی پیک شروع کیا، فسطائی حکومت نے تمام منصوبے ٹھپ کر دیئے، نواز شریف کی لیڈر شپ میں پاکستان کے اندھیرے دور کیے گئے، پچھلی حکومت نے سی پیک کے تمام منصوبے بھی بند کر دیئے، لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے علیحدہ سپورٹس کمپلیکس ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ سکولوں اور کالجوں کے طلبہ کیلئے سپورٹس کمپلیکس کی ممبر شپ فیس نہیں ہو گی، گزشتہ حکومت کے سربراہ نے اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگانے کے سوا کچھ نہیں کیا، سرکاری ملازمین گریڈ 1 سے 17 تک کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کیا، گریڈ 17 سے اوپر افسران کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ کیا، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 17.5 فیصد اضافہ کیا۔

انہوں نے کہا 9 مئی کا واقعہ کسی دشمنی سے کم نہیں تھا جو دشمن 75 سال میں نہ کر سکا وہ شرپسندوں نے ایک دن میں کر دیا، سرکاری تنصیبات پر حملہ ایک شخص کے اکسانے پر کیا، نومئی کے واقعات میں ملوث افراد کو ضرور سزا ملے گی جو قصور وار نہیں ہیں ان کو کچھ نہیں کہا جائے گا، جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا معاشی استحکام نہیں آسکتا، نواز شریف کی قیادت میں ملک میں معاشی استحکام لائیں گے۔