وزیراعظم سے مریم نواز کی ملاقات، سیاسی حکمت عملی اور نوازشریف کی واپسی پر صلاح مشورہ

شہباز شریف کی زیر صدارت میٹنگ میں سیاسی و آئینی صورتحال پر آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور وخوص کیا گیا

لاہور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے جس میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم نواز وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کیلئے ملتان جانے سے پہلے ماڈل ٹاؤن پہنچیں جہاں وزیراعظم کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں موجود سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت میٹنگ میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی واپسی پر بھی قانونی و آئینی پہلوں کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر سیاسی و آئینی صورتحال پر آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور وخوص کیا گیا۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مشاورتی بیٹھک میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ اور عطاء تارڑ بھی موجود تھے، معاون خصوصی وزیراعظم ملک احمد خان بھی شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہونے والی مشاورت میں شریک ہوئے، اجلاس میں شہباز شریف نے بجٹ، مہنگائی اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا اور مہنگائی کو کم کرنے کی کوشش کی۔