روس سے خام تیل کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

کراچی: (نیوز ڈیسک) روس سے تیل خریداری معاہدے کے بعد روس سے خام تیل کی پہلی کھیپ کراچی پورٹ پہنچ گئی۔

روسی جہاز” پیور پوائنٹ” 45 ہزار 142 میٹرک ٹن کروڈ آئل لے کر کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگیا، روسی خام تیل کا جہاز کراچی پورٹ کی آئل پیئر 2 پر تیل ترسیل کرے گا.

ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر روسی کروڈ کو ریفائنری میں ٹیسٹ بنیاد پر لایا گیا ہے، پاکستان روس سے اپنی پیٹرولیم مصنوعات کی طلب کا 20 فیصد تک درآمد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 25 تاریخ کو روسی مال بردار جہاز بھی کراچی بندگارہ پر لنگر انداز ہوا تھا، روسی مال بردار جہاز تاریخ میں پہلی بار براہراست کراچی پہنچا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ روس اور پاکستان کے مابین دوطرفہ تجارتی تعلقات مضبوط ہورہے ہیں، روسی تیل کے پاکستانی آنے سے مستقبل میں پیٹرولیم مصنوعات 20 فیصد تک سستی ہونے کا امکان ہے۔