کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، ہوا میں نمی کے تناسب میں کمی کے باعث ناک اور گلہ خشک ہونے سے ہونٹ پھٹنے اور ناک سے خون بہنے کی شکایات بڑھ رہی ہیں، اس حوالے سے ماہرین نے احتیاطی تدابیر بتادیں۔
کراچی میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 7 فیصد تک نیچے چلا گیا۔
ماہرین صحت کے مطابق موسم کی تبدیلی انسانی جسم پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہے، موسم شدید گرم اور خشک ہونے سے ناک اور حلق میں سوزش خون آنا اور ہونٹ کٹنے جیسی شکایات عام ہوگئی ہیں۔
ماہرین کے مطابق موسم خشک اور ہوا میں کم نمی کے باعث سانس لینے میں دشواری کا سامنا بھی ہوتا ہے جس کے لیے پانی کے ساتھ کلیشیم اور وٹامن کا استعمال زیادہ کرنا ضروری ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عام لوگ نمکول اور پانی کا زیادہ استعمال کریں، روغنی اور مرچوں والے کھانوں سے اجتناب کریں، ٹھنڈے ماحول سے فوراً گرمی میں اور گرمی سے فوراً ٹھنڈے ماحول میں نہ جائیں۔ باہر جانے کی صورت میں سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔