مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں

جس شخص میں ’میں ‘ آجائے ناکامی اس کا مقدر بنتی ہے،مجھے تکبر کبھی برداشت نہیں،میں سب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت حسین کی پریس کانفرنس

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی سابق رہنما عائشہ گلا لئی سمیت کئی رہنماؤں نے مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کر لی،پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہونے والوں میں سلیم بریار، سابق ایم پی اے احسن سلیم بریار اور عنصر بریار ساتھیوں سمیت شامل ہیں۔مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پریس کانفرنس میں کہاکہ مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت بنی تو میرے بیٹے چوہدری سالک کو وزیر بنایا گیا۔میں نے کبھی سفارش نہیں کی کہ میرے بیٹےکو وزیر بنائیں۔منافقت اور تکبر نہ ہو تو ہمیشہ کامیاب رہیں گے۔جس شخص میں ’میں ‘ آجائے ناکامی اس کا مقدر بنتی ہے۔مجھے تکبر کبھی برداشت نہیں۔
میں سب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔جب کہ مسلم لیگ ق کے رہنماؤں کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے کہا کہ 2017 میں یزادیت کے خلاف حلف اٹھایا، مجھے تب معلوم تھا کہ ہواؤں کا رخ کس طرف ہے، تب طاقت کا رخ عمران خان کی طرف تھا۔

تب میں جو باتیں بتائیں آج وہ ایک ایک کر کے سچ ثابت ہو رہی ہیں۔ مجھ سمیت دیگر لوگ تحریک انصاف میں کسی شخصیت کے لیے نہیں بلکہ روشن پاکستان کے وژن کے ساتھ آئے تھے۔پانچ سال کے دوران کئی سیاسی جماعتوں نے شمولیت کی دعوت دی تاہم میں نے کسی پارٹی کو جوائن نہیں کی،آج میں مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کر رہی ہوں، کیونکہ یہ وہ جماعت ہے جوبانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی جماعت ہے۔
میں اس لیے بھی پارٹی جوائن کر رہی ہوں کہ چوہدری شجاعت حسین قابل احترام سیاستدان ہیں، یہ وہ شخصیت ہیں جن کا جینا مرنا پاکستان کے لیے ہے۔ انہوں نے اپنی کرسی کو کبھی قومی سلامتی کے خلاف استعمال نہیں کیا۔چوہدری شجاعت حسین کی پاکستان کے لیے بہت خدمات ہیں،انہی سے متاثر ہو کر ان کی شاگردی اختیار کر رہی ہوں۔چوہدری شجاعت وزیراعظم کی کرسی پر بھی بیٹھے اس کے باوجود ان پر کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا۔