ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی ملاقات

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات کی، ملاقات میں جیو سٹریٹجک ماحول اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ائیر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کو جدید بنانے اور مقامی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے جاری مختلف منصوبوں سے آگاہ کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے وزیر خارجہ کو پاک فضائیہ کے نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پراجیکٹ سے بھی آگاہ کیا، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پراجیکٹ کا مقصد ایوی ایشن، سپیس، آئی ٹی، سائبر اور کمپیوٹنگ کے شعبوں میں مشترکہ تحقیق، ترقی اور اختراع کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پراجیکٹ کے ذریعے پاکستان کے لیے سماجی، اقتصادی، تکنیکی اور سائنسی فوائد کو یقینی بنایا جاسکے گا، اس موقع پر وزیر خارجہ نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت پاکستان پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ ملک کے ناقابل تسخیر فضائی دفاع کو یقینی بنایا جاسکے، قوم پاک فضائیہ کے تمام شہداء کی شکر گزار ہے جنہوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک فضائیہ کی قیادت کی جانب سے تربیتی شعبے میں کی گئی اصلاحات قابل تعریف ہیں، ان اصلاحات سے ایک صف بستہ اور ہنر مند افرادی قوت پیدا کی جا سکے گی جو ایوی ایشن انڈسٹری کے بدلتے محرکات اور قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو پاک فضائیہ کو جدید بنانے کے لیے جاری مختلف منصوبوں اور اس کی آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔