ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس جزوی بحال کر دی گئی

پی ٹی اے نے انٹرنیٹ سروس بحال ہونے کی تصدیق کر دی، سوشل میڈیا ایپس کی سروسز بھی بحال کر دی گئیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی رہائی کے بعد ملک بھر میں کئی روز سے بند انٹرنیٹ سروس کو بحال کر دیا گیا ہے۔ پی ٹی اے نے کئی روز سے بند انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کی تصدیق کر دی ہے، جبکہ سوشل میڈیا ایپس کی سروسز بھی بحال کر دی گئی ہیں۔
اس سے قبل وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں انٹرنیٹ سروسز ایک آدھ روز میں بحال کر دی جائیں گی۔ یاد رہے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز معطل کردی گئی تھیں۔ انٹرنیٹ سروس کی معطلی پر جہاں ٹیلی کام اور دیگر کمپمنیوں اور تنظیموں کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا، وہاں کچھ حکومتی رہنماوں نے بھی اس اقدام کی مخالفت کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی جانب سے کابینہ کے اجلاس میں موبائل انٹرنیٹ کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ جمعہ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ موبائل انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ سے لاکھوں فری لانسرز، کریم اور ان ڈرائیو، بائیکیا اور فوڈ ڈیلیوری سمیت آن لائن سروسز مہیا کرنے والے افراد کا روزگار متاثر ہو رہا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ موبائل انٹرنیٹ کی بندش سے غریب دیہاڑی دار لوگوں اور ان کی خدمات سے فائدہ اٹھانے والے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے، انٹرنیٹ موبائل کی بندش سے موبائل آپریٹر اور حکومت کو بھی مالی نقصان ہو رہا ہے۔ احسن اقبال کے تحفظات کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کو انٹرنیٹ سگنلز کی بندش کا معاملہ حل کرنے کی ہدایت کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ حساس علاقوں کے علاوہ دیگر مقامات پر انٹرنیٹ سروس کی بحالی کی جائے۔