مہنگائی کی دوڑ میں برائلرمرغی سب سے تیز

فی کلو گوشت کی قیمت میں پھر سے ہوشربا اضافہ ہوگیا

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) مرغی کے فی کلو گوشت میں 30 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 30 روپے کے اس نئے اضافے کے بعد برائلر مرغی کے فی کلو گوشت کی قیمت 557 روپے سے بڑھ کر 587 روپے ہوچکی ہے، اسی طرح زندہ برائلر کے دام بھی 20 روپے مزید بڑھا دیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے زندہ برائلر ہول سیل ریٹ پر 363 روپے سے بڑھ کر 383 اور پرچون کے نرخ 371 روپے سے بڑھا کر 391 روپے فی کلو مقرر کردیئے گئے تاہم ملک میں انڈوں کی قیمت 274 روپے فی درجن پر برقرار ہے، انڈوں کی پیٹی 8 ہزار 100 روپے کی ہوگئی ہے جب کہ عام مارکیٹ میں فی انڈہ 22 سے 24 روپے کے درمیان فروخت ہو رہا ہے۔
اس حوالے سے مرغی فروشوں کا کہنا ہے کہ فیڈ مہنگا ہونے کی وجہ سے زیادہ تر پولڑی فارم مالکان نے مرغیوں کی پیداوار کم کر دی ہے جس سے مرغی اور انڈوں کے قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ دیکھنے میں آیا، پہلے روزانہ کی بنیاد پر ہم 10سے 12من تک مرغی فروخت کرتے تھے، اب مہنگائی کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر فروخت صرف 3 من تک بشمکل پہنچ پاتی ہے کیوں کہ مرغی کا ریٹ میں بے تحاشہ اضافہ ہونے کی وجہ سے کوئی مرغی خریدنے کے لئے ہماری دکانوں کا رخ نہیں کرتا۔
ادھر وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ملک میں آئندہ ماہ بھی مہنگائی بلند سطح پر رہنے کا امکان ہے، اس سلسلے میں وزارت خزانہ نے ماہانہ اقتصادی رپورٹ جاری کر دی، جس میں کہا گیا ہے کہ ملکی معیشت کو مہنگائی اور سست اقتصادی سرگرمیوں جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، رواں مالی سال کے نو ماہ میں ایف بی آر کی وصولیاں مقررہ ہدف سے کم رہیں، رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں بجٹ خسارہ پانچ فیصد بڑھ کر 2 ہزار 392 ارب روپے تک پہنچ گیا، مالی سال کے آٹھ ماہ میں ترقیاتی بجٹ کے اجرا میں سالانہ بنیادوں پر 31 فیصد کمی ہوئی، حکومت کے سٹیبلائزیشن پروگرام کی وجہ سے کرنٹ اکاؤنٹ اب سرپلس میں چلا گیا، ملک میں آئندہ ماہ بھی مہنگائی بلند سطح پر رہنے کا امکان ہے۔