کراچی میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے سبب انٹرسٹی ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد مسافروں کے سفر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق کورونا وباء کے پیش نظر مسافر گاڑیوں میں 50 فیصد مسافر سفر کرسکیں گے۔
سیکریٹری ٹرانسپورٹ شارق احمد نے بتایا کہ سندھ حکومت کے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق گاڑیوں میں 50 فیصد مسافر بٹھانے کا اطلاق آج سے ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 234 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 83 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 1 ہزار 931 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح بڑھ کر 10 اعشاریہ 43 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار 613 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 78 ہزار 165 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 50 ہزار 170 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 2 لاکھ 97 ہزار 544 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔