اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 49 روپے فی کلو کمی کردی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اپریل 2023 کے لیے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت 278 روپے فی کلو سے49 روپے کمی کے ساتھ 229 روپے فی کلو کر دی ۔
اوگرا کی جانب سے جمعہ کے روز جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ قیمتوں کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا جس کے بعد اپریل کے پورے مہینے کے لیے 11.8 کلو گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 576 روپے کی کمی ہوئی ہے۔

ماہانہ جائزے میں اوگرا نے 278 سے 229 روپے فی کلو قیمت کم کرنے کا اعلان کیا اور 11.8 کلوگرام کے نئے گھریلو سلنڈر کی قیمت بھی 3278 روپے سے کم ہو کر 2702 روپے ہو گئی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں کو سپلائی چین کی تمام سطحوں پر زیادہ سے زیادہ قیمت کے ساتھ ریگولیٹ کیا جائے گا۔