پنجاب میں انتخابات،پی پی 149 سے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی چیلنج

کاغذات نامزدگی پر پی ٹی آئی امیدوار نے اعتراضات اٹھائے،مریم نواز عدالت سے سزایافتہ ہیں،کاغذات نامزدگی پر تصدیق کنندہ کا نام ہی موجود نہیں،اعتراض

لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب میں انتخابات،حلقہ پی پی 149 سے سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کے کاغذات نامزدگی چیلنج کر دیے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم نواز کے کاغذات نامزدگی کو الیکشن کمیشن ایکٹ 2017 کے تحت چیلنج کیا گیا،کاغذات نامزدگی پر پی ٹی آئی کے امیدوار حافظ ذیشان نے اعتراضات اٹھائے،پی ٹی آئی امیدوار کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا کہ مریم نواز عدالت سے سزایافتہ ہیں،ان کے کاغذات نامزدگی پر تصدیق کنندہ کا نام ہی موجود نہیں۔
سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن کے گوشوارے کے صفحے پر دستخط ہی موجود نہیں،کاغذات نامزدگی پر دستخط شناختی کارڈ والے دستخط سے مختلف ہیں۔ یاد رہے کہ سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے لاہور کے 2 حلقوں سے پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔
مریم نواز پی پی 149 اور پی پی 173 سے پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑیں گی،مریم نواز کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن آفس میں جمع کرائے گئے۔

سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن کے کاغذات ملک لیاقت اعوان اور کنول لیاقت ایڈووکیٹ نے جمع کرائے جبکہ شہباز بھٹی،عامر رضا،میاں مبشر اور خرم مغل تجویز کنندہ اور تائید کنندہ میں شامل تھے۔ پی پی 149 سابق لیگی ایم پی اے بلال یاسین والا حلقہ ہے جو موہنی روڈ اور دیگر علاقوں پر مشتمل ہے،پی پی 173 نیا حلقہ ہے جو پہلے پی پی 153 کہلاتا تھا اور اس حلقے سے خواجہ عمران خان نذیر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ اسی طرح شاہ محمود قریشی نے بھی انتخابی دنگل میں اترنے کا فیصلہ کیا تھا،زین قریشی نے پی پی 217 سے اپنے والد شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے،زین قریشی نے اپنے کاغذات نامزدگی بھی پی پی 217 سے جمع کرائے تھے۔