عمران خان کی پیشی،جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد کے گیٹ پر پی ٹی آئی کارکنوں پر شیلنگ

کارکنوں نے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا،پولیس کی گاڑیوں پر پتھراؤ کر کے شیشے توڑ دیے گئے،آئی جی اسلام آباد

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی پیشی،اسلام آباد کی جوڈیشل کمپلیکس کے گیٹ پر پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں پر شدید شیلنگ کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں آمنے سامنے آ گئے ہیں،پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا،پولیس نے بھی کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
آنسو گیس کی شیلنگ سے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر دھوئیں کے بادل چھا گئے،پی ٹی آئی کارکنوں نے بم اسکواڈ کی گاڑی پر بھی دھاوا بولا۔ آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان کے مطابق عمران خان کا قافلہ جوڈیشل کمپلیکس کے قریب تھا کہ کارکنوں نے پتھراؤ کر دیا۔پولیس غیر مسلح ہے اور کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں کیا جارہا،ہماری ایک چوکی پر آگ لگا دی۔
راستہ بالکل صاف ہے،بس ایک موڑکاٹنا ہے وہ عدالت پہنچ جائیں گے،وہ اپنے کارکنوں کو سنبھالیں اور عدالت پہنچیں۔

دوسری جانب چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے خدشے کے باعث اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ نیب سمیت کسی بھی ادارے کو گرفتاری سے روکا جائے۔ درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے آج سماعت کی استدعا کی گئی۔ یاد رہے کہ عمران خان خود بھی گرفتاری کا امکان ظاہر کر چکے ہیں۔
عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مجھے گرفتار کرنے کا پلان بنا لیا ہے جس سے ان کی بدنیتی واضح ہو جاتی ہے۔میرا پہلے بھی اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہونے کا ارادہ تھا جب انہوں نے میرے گھر پر دھاوا بولا۔ مجھے جیل میں ڈالنا لندن پلان کا حصہ ہے کیونکہ نواز شریف کی ڈیمانڈ ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرکے جیل میں ڈالا جائے تاکہ وہ الیکشن میں حصہ نہ لے سکے ۔عمران خان نے مزید کہا کہ مجھے پتا ہے مجھے گرفتار کر لیا جائے گا لیکن میں صرف اس لئے عدالت میں پیش ہو رہا ہوں کیونکہ میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں۔