برآمدات سے ہی ملکی معاشی بحران کا خاتمہ ممکن ہے، سید نوید قمر

سیالکوٹ: (نیوزویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ برآمدات سے ہی ملکی معاشی بحران کا خاتمہ ممکن ہے۔سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کے افتتاح پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری کا پوری دنیا میں ایک نام ہے جو بہترین کوالٹی کی مصنوعات تیار کر کے ملک کے لیے کثیر زرمبادلہ کما رہی ہے اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر کے عالمی سطح پر وطن عزیز کا نام روشن کر رہی ہے۔

سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ ہی ایک ایسا ذریعہ ہے جو ملک کو معاشی مشکلات سے نکال سکتا ہے، مجھے خوشی ہے کہ شہر اقبال ملکی معیشت کے استحکام کے لیے اپنا موثر کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے فیکٹری کے چیف ایگزیکٹوز کو فیکٹری کے افتتاح پر مبارکباد پیش کی اور ان کے کاروبار میں وسعت کے لیے دعائے خیر کی۔
اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سیکرٹری نواز احمد طور، حسن طور، ظفریاب علی شاہ سمیت تاجر برادری کی کثیر تعداد کے ساتھ ساتھ فیکٹری کے ملازمین بھی موجود تھے۔