ایرانی کھجور کی درآمدی ڈیوٹی واپس لینے پر صدر فیصل آباد چیمبر کا حکومت اور خاص طور پر وزارت کامرس کا شکریہ

مکوآنہ (کامرس ڈیسک) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے مطالبے پر حکومت پاکستان نے ایرانی کھجور کی درآمدی ڈیوٹی کو 10سے 74فیصد کرنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے لیا ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت نے رمضان المبارک سے قبل کھجور کو عام استعمال کی اشیائ کی فہرست سے نکال کر سامان تعیش میں شامل کر کے اس پر ڈیوٹی کوغیر معمولی طور پر بڑھا دیا تھا۔
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کریانہ ایسوسی ایشن کی تحریری شکایت پر اس ڈیوٹی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزارت کامرس کو خط لکھا کہ رمضان المبارک سے قبل کھجور پر ڈیوٹی میں اضافے کا قطعاً کوئی جواز نہیں۔ حکومت نے اس سلسلہ میں فوری ایکشن لیتے ہوئے کھجور پر درآمدی ڈیوٹی میں اضافے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں تحریری طور پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کو آگاہ بھی کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر خرم طارق نے اس فیصلے پر حکومت اور خاص طور پر وزارت کامرس کا شکریہ ادا کیاہے۔ دریں اثنا سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد اور نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی نے اس عوامی مسئلے کو اعلیٰ سطح پر اٹھانے پر صدر ڈاکٹر خرم طارق کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ فیصل آباد چیمبر کے اس اقدامات سے رمضان المبارک کے دوران کھجوروں کی مناسب قیمت پر دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
ادھر اس فیصلے کے ساتھ ہی کھجور کے نرخوں میں دوہزار روپے فی من کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کی قیمت میں مزید کمی کا بھی امکان ہے۔ حاجی محمد اسلم بھلی نے کہا کہ رمضان کے دوران کھجور کے بغیر نہ تو روزہ افطار ہو سکتا ہے اور نہ ہی اس کے بغیر ہمارا دستر خوان مکمل ہوتا ہے اس لئے اس بروقت فیصلے پر ہم حکومت کے شکر گزار ہیں