آئین سے انحراف کی کسی کوشش کو پہلے قبول کیا نہ آئندہ کریں گے

جمہوریت اور آئین سے انحراف کرنے والا گروہ عدلیہ پر حملہ آور ہے، عدالت کو دباؤ میں لانے کی قابلِ مذمت، 90 روز میں انتخابات کروانے کے شیڈول کا اعلان کیا جائے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت اجلاس

لاہور (نیوز ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ آئین سے انحراف کی کسی کوشش کو پہلے قبول کیا نہ آئندہ کریں گے، جمہوریت اور آئین سے انحراف کرنے والا گروہ عدلیہ پر حملہ آور ہے، عدالت کو دباؤ میں لانے کی قابلِ مذمت کوشش کی گئی، عدالتی فیصلے کے بعد 90 روز میں انتخابات کروانے کے شیڈول کا اعلان کیا جائے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین اور پارٹی ترجمانوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال، آئندہ کیلئے سیاسی حکمتِ عملی اور عدالت کے فیصلے پر بات چیت کی گئی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا۔
پی ٹی آئی نے 90 روز میں انتخابات کروانے کیلئے فوری شیڈول کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں فوری طور پر امیدواروں کے تعین کا عمل مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ سیاسی کمیٹی کو پنجاب اورخیبرپختونخوا کیلئے بھرپور انتخابی مہم کی تیاری اور اعلان کی ہدایات کی گئی۔ عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملک گیر جیل بھرو تحریک کی معطلی کے فیصلے کی بھی توثیق کی گئی۔
اجلاس میں بدترین مہنگائی اور عوام پر اس کے ناقابلِ بیان اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ جمہوریت اور آئین سے انحراف کی راہ پر گامزن گروہ عدلیہ پر حملہ آور ہے، معزز ججز کیخلاف مہم کے ذریعے عدالت کو دباؤ میں لانے کی قابلِ مذمت کوشش کی گئی۔ عمران خان نے کہا کہ آئین سے انحراف کی کسی کوشش کو پہلے قبول کیا نہ آئندہ کریں گے۔