آسٹریلیا کے خلاف میچ نہ جیتنے کے باوجود ہماری سیریز اچھی رہی،نداڈار

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ویمن کرکٹ ٹیم کی آل رائونڈر ندا ڈار نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کی تیاریاں اچھی رہی ہیں،آسٹریلیا کے خلاف میچ نہ جیتنے کے باوجود ہماری سیریز اچھی رہی اور سیریز سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل کیپ ٹائون میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
نداڈار نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے ہمیں ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے میں مدد ملے گی۔ہمارے گروپ میں انگلینڈ، انڈیا، آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز جیسی ٹیمیں ہیں۔نداڈار نے کہا کہ ہم ایک وقت میں ایک میچ کو لے کر چلیں گے اور اچھا کھیل پیش کرکے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کی کوشش کریں گے،ہمارے اسکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا ایک اچھا کمبینیشن بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی جلدی سیکھنے والے ہیں اور بہت پرجوش ہیں۔ وہ اسکواڈ میں توانائی لاتے ہیں، جو بالآخر سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیٹنگ آرڈر میں عالیہ ریاض اور عائشہ نسیم کے کردار بہت اہم ہوں گے، آخری پانچ اوور واقعی اہم ہیں اور عالیہ اور عائشہ جیسے اسٹرائیکر بیٹنگ کے آخری مرحلے میں اچھی کارکردگی دکھانے میں ہماری مدد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کا مقابلہ ایسا ہے کہ اس میں کسی چھٹی کے دن کی ضرورت نہیں ہے، شائقین کسی بھی دن مقابلہ دیکھنے کے لیے موجود ہوتے ہیں۔ نداڈار نے کہا کہ میں ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی کھلاڑی بننے کے ریکارڈ کا کوئی اضافی دباؤ نہیں لینا چاہتی ، مجھے صرف یہ کھیل کھیلنا پسند ہے اور میں صرف اس لمحے سے لطف اندوز ہونا چاہتی ہوں اور ٹیم کے لیے اپنا بہترین پیش کرنا چاہتی ہوں۔