محمد عامر، عماد وسیم کو قومی ٹیم میں واپسی کیلئے پی ایس ایل میں پرفارم کرنا ہوگا: شاہد آفریدی

یہ آپ کی ذہنیت پر منحصر ہے کہ آپ اوسط پلیئر رہنا چاہتے ہیں یا اپنا موازنہ ٹاپ کلاس کرکٹرز سے کرنا چاہتے ہیں: سابق کپتان

لاہور (سپورٹس ڈیسک ) سابق پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ محمد عامر اور عماد وسیم کی قومی ٹیم میں واپسی کا انحصار پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ان کی کارکردگی پر ہوگا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑی کچھ عرصے سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور قومی سیٹ اپ میں واپسی کے لیے بے تاب ہیں۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کا آئندہ ایڈیشن دونوں کرکٹرز کے لیے اپنی کارکردگی اور فارم دکھانے کا ایک مثالی پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں یہ آپ کی ذہنیت پر منحصر ہے اگر آپ نے پی ایس ایل کے لیے کوئی اہداف طے کیے ہیں۔ یہ اس بات پر منحصر ہے کہ آپ اوسط رہنا چاہتے ہیں یا اپنا موازنہ ٹاپ کلاس کرکٹرز سے کرنا چاہتے ہیں‘ ۔
کراچی کنگز کی گزشتہ سال کی مہم کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ظاہر ہے کہ فرنچائز میں کوئی مسئلہ تھا۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ٹیم تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی تو کپتانی، مینجمنٹ یا کوچنگ میں مسئلہ ہو سکتا ہے۔ گزشتہ ماہ پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ میرے خیال میں عامر نے ریٹائرمنٹ واپس لے لی ہے، ہم نے اسے ایک موقع دیا اور وہ کھیل رہا ہے۔ رواں ماہ کے اوائل میں نئے تعینات ہونے والے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا تھا کہ اگر محمد عامر موجودہ لائن اپ میں فٹ ہو جاتے ہیں تو وہ ٹیم میں واپس بلانے پر غور کر سکتے ہیں۔