عمران خان کی جیل بھرو تحریک ملک میں فساد پیدا کرنے کی سازش ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے خود گرفتاری دیں پھر کارکنوں کو اپیل کریں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل بھرو تحریک کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا عمران خان پہلے وقت، دن اور تاریخ کا اعلان کریں کہ کس کیس میں اور کس عدالت میں گرفتاری دیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جیل بھرو تحریک ڈیلی ویجرز اور دیہاڑی داروں کو پیسے دے کر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش ہے، عمران خان جان بوجھ کر حالات خراب کرنا چاہتے ہیں، جیل بھرو تحریک ملک میں فساد اور انتشار پیدا کرنے کی سازش ہے۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اپنی ضمانتوں کیلئے روتے ہیں، پھر کہتے ہیں جیل بھرو تحریک چلائیں گے، عمران خان بہروپیا ہے، بات کچھ اور کام کچھ اور کرتا ہے، جیل بھرو تحریک سے پہلے ضمانتیں کینسل کروائیں۔