عمران نے پاکستان کو ہر جگہ نقصان پہنچایا، اس کو نہیں چھوڑیں گے: مریم نواز

ملتان: (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عوام کی مشکلات کو دیکھ کر ہمیں بہت دکھ ہے، عمران نے پاکستان کو ہر جگہ نقصان پہنچایا، ان کو نہیں چھوڑیں گے۔ ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ملتان کے شیروں کو نواز شریف کی طرف سے سلام، آج مقبوضہ کشمیر سے یکجہتی کا دن ہے، کشمیر کی لازوال قربانیوں کو بھی سلام، نواز شریف، شہباز شریف کو مہنگائی کا احساس ہے، ہمیں احساس ہے لوگوں کے گھروں میں مشکلات ہیں، میرا دل عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے، سب جانتے ہیں یہ مہنگائی کس کی وجہ سے ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نواز شریف کو اٹھا کر باہر پھینک دیا گیا، جب بھی نواز شریف کی حکومت آئی پاکستان نے ترقی کی، نواز شریف کی جب بھی حکومت آئی عوام کو ریلیف دیا، پاکستان کی ترقی میں نواز شریف کا ہاتھ ہے، نواز شریف کے 4 سال میں بجلی، گیس اور چینی کی قیمت نہیں بڑھی، جب بھی نواز شریف کی حکومت آئی بڑے منصوبے لگائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے معاہدے کی وجہ سے قیمتیں بڑھانا پڑتی ہیں، ان کو ترقی کرتا پاکستان ملا تھا کھنڈرات بنا کر چلا گیا، عمران خان نے پاکستان کے کونے کونے میں تباہی مچائی، وقت دیکھتے ہی گھڑی چور کی یاد آتی ہے، اس گھڑی چور کو سیاست سے باہر پھینکنا ہو گا، شہباز شریف 12 بجے نہیں، صبح 6 بجے دفتر آتے ہیں، اپنے گھر کی معیشت ٹھیک کر لی ملک کی تباہ کردی۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ حکومت کرنی نواز شریف سے نہیں سیکھی تو اپوزیشن کرنا سیکھ لیتے، ہم ان مشکلات سے ضرور نکلیں گے، نوازشریف نے جیل میں بیماری کی حالت میں بھی ریلیف نہیں مانگا، کسی نے شہباز شریف، خواجہ آصف، سعد رفیق کو روتے دیکھا؟، کسی نے مجھےروتےدیکھا؟ کہتے تھے ٹکر کے لوگ ملے ہیں اور 2 گھنٹے کی گرفتاری پر رو رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا کہ عمران خان خود بزدلوں کی طرح زمان پارک میں چھپ کر بیٹھا ہے، نواز شریف اور شہباز شریف نے کوئی انتقام نہیں لیا، مسلم لیگ (ن) الیکشن میں ڈٹ کر مقابلہ کرے گی، ان کی روتی شکلیں دیکھ کر مجھے نواز شریف پر فخر ہوتا ہے۔