پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ، عوام کو مضر صحت دودھ پینے سے بچا لیا

لاہور : (نیوزویب ڈیسک) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بروقت کارروائی کر کے لاہور کی عوام کو مضر صحت دودھ پینے سے بچا لیا۔ ذرائع کے مطابق ڈیری سیفٹی ٹیموں نے چونیاں سے لاہور جعلی دودھ کی سپلائی ناکام بنادی ، امانت ملک کلیکشن سینٹر پر چھاپے کے دوران 1100لیٹر جعلی دودھ تلف کر دیا گیا، دودھ بردار گاڑی، مکسنگ مشین ، سکمڈ ملک پاؤڈر، کیمیکلز، 20 کلو ملک پاؤڈر اور 5 کلو آئل بھی ضبط کر لیا گیا۔

اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے کہا کہ ملک کلیکشن سینٹر میں چھپ کر پاؤڈر، کیمیکلز اور گندا گھی ڈال کر دودھ جیسا سفید گاڑھا محلول تیار کیا جاتا تھا، ناقص پاؤڈر، کیمیکلز اور مضر صحت گندے آئل سے تیار کردہ دودھ گاڑی میں بھرا جارہا تھا، ڈیری سیفٹی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرکے جعلی دودھ کو موقع پر تلف کر دیا۔

مدثر ریاض ملک نے مزید بتایا کہ جعلی دودھ تیار کرنے والے 3 سپلائرز کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے، جعلی یا ملاوٹی دودھ کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے ، عوام تک معیاری دودھ کی فراہمی کے لیے ٹریسیبل دودھ کا نظام لا رہے ہیں۔