پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

لاہور اور گردو نواح میں 4.3 شدت کا زلزلہ آیا،زلزلے کی وجہ سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا،لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے

لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کی وجہ سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔شیخوپور اور لاہور کے گردونواح میں زلزلے جھٹکے محسوس کیے گئے۔رپورٹس کے مطابق لاہور اور گردو نواح میں 4.3 شدت کا زلزلہ آیا،زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز شیخوپورہ سے 20 کلومیٹر دور تھا۔
زلزلوں سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہیں، پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری اریبین ہے، زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں، زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے، زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں۔
29 نومبر 2022ء کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اسلام آباد کے علاوہ خیبرپختونخوا کے علاقے ہری پور، ایبٹ آباد اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی شہریوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے، اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں میں شہریوں نے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے جس کے بعد وہ خوف کے عالم میں کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

قبل ازیں 25 اکتوبر 2022ء کو بھی کئی شہر شدید زلزلے سے لرز گئے، اس وقت صوبہ سندھ کے کئی شہروں سیہون، بھان سید آباد، دادو اور دیگر علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کی وجہ سے خوف و ہراس پھیل گیا، زلزلے کے جھٹکوں کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے لوگ خوفزدہ ہو کر باآواز بلند کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے، زلزلے کے جھٹکے رک جانے کے بعد بھی خوفزدہ لوگ کافی وقت تک گھروں اور عمارتوں کے باہر ہی موجود رہے، زلزلے کی شدت 4 عشاریہ 4 بتائی گئی۔