سلطان محمد نے 47 ویں قومی سنوکر چیمپئن شپ جیت لی

لاہور : (سپورٹس ویب ڈیسک ) 47 ویں قومی سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں سلطان محمد نے شان نعمت کو شکست دے کر ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل بینک سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے قومی سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں سندھ کے سلطان محمد نے اسلام آباد کے شان نعمت کو 5 کے مقابلے میں 7 فریم سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔

دونوں کھلاڑیوں کے فائنل معرکہ دلچسپ رہا، کبھی سلطان محمد برتری حاصل کرتے تو کبھی شان نعمت۔ ایک مرحلے پر شان نعمت کو 2-4 کے اسکور سے برتری حاصل تھی مگر سلطان محمد نے عمدہ کم بیک کیا اور مسلسل 4 فریمز جیت کر نہ صرف خسارہ پورا کیا بلکہ برتری بھی حاصل کرلی۔ گیارہواں فریم شان نعمت کے نام رہا لیکن بارہویں فریم میں سلطان محمد نے حریف کو مات دے کر ٹائٹل بھی اپنے نام کرلیا۔

ایونٹ کے اختتام پر ونر اور رنرز اپ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے، فاتح کھلاڑی سلطان محمد کو 2 لاکھ روپے اور ٹرافی جبکہ رنرز اپ شان نعمت کو ایک لاکھ روپے اور ٹرافی دی گئی۔