انتہائی خراب امپائرنگ‘، سرفراز احمد متنازع اسٹمپنگ کے بعد آؤٹ

سرفراز اپنی پچھلی ٹانگ نیچے لے آئے لیکن ان کی ایڑی کریز میں نہیں تھی ، ٹی وی امپائر کو فیصلہ کرنا تھا کہ بلے باز کے جوتے کا کوئی حصہ کریز کے اندر ہے یا نہیں

کراچی (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران متنازع سٹمپنگ کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ دائیں ہاتھ کے کھلاڑی کو 78 رنز بنانے کے بعد واپس بھیج دیا گیا جب وکٹ کیپر ٹام بلنڈل نے ڈیرل مچل کی گیند پر لیگ سائیڈ پر انہیں سٹمپ آئوٹ کیا ۔ سرفراز اپنی پچھلی ٹانگ نیچے لے آئے لیکن ان کی ایڑی کریز کے اندر زمین پر نہیں تھی جس کا مطلب ہے کہ ٹیلی ویژن امپائر کو فیصلہ کرنا تھا کہ بلے باز کے جوتے کا کوئی حصہ کریز کے اندر ہے یا نہیں۔


کئی ری پلے دیکھنے کے بعد، امپائر نے فیصلہ کیا کہ سرفراز کو کریز کے پیچھے کوئی چیز نہیں تھی اور اسے آؤٹ کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ سیریز میں سرفراز کا یہ تیسرا ففٹی پلس سکور تھا۔ امپائر پر تنقید کے تیر برسانے والے سوشل میڈیا صارفین سابق کپتان کو اس طرح آئوٹ قرار دیئے جانے پر ناخوش تھے۔