پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی کپتانی متنازع بن گئی

کراچی(سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی کپتانی متنازع بن گئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)ترجمان کے مطابق بابراعظم فلو کا شکار ہوکر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز فیلڈ میں نہیں آئے، جس کے بعد ٹیم انتظامیہ کی نااہلی اور قوانین سے لاعلمی جگ ہنسائی کا سبب بن گئی۔

بابر کے نہ آنے پر محمد رضوان متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے میدان میں آئے اور کپتانی سنبھال لی، جس پر امپائرز اور میچ ریفری نے ٹیم انتظامیہ کو آئی سی سی قوانین بتائے۔مذکورہ قوانین کی روشنی میں متبادل کھلاڑی کپتانی نہیں کرسکتا، چنانچہ محمد رضوان کی بجائے اسکواڈ کاحصہ ہونے کے ناطے فیلڈنگ کرنے والے سرفرازاحمد نے ٹیم کی قیادت سنبھال لی۔واضح رہے کہ بابر اعظم اور سلمان علی آغا نے پہلی اننگ میں پاکستان کی جانب سے سینچریز اسکور کی تھیں، سلمان علی آغا پہلے بھی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے فیلڈنگ کے لیے میدان میں نہیں آسکے تھے۔