کراچی ٹیسٹ، پاکستان نے 8 وکٹوں پر 377 رنز بنالیے

بابر اعظم کل کے سکور میں اضافہ نہ کرسکے، سلمان علی آغا کی نصف سنچری

کراچی (سپورٹس ڈیسک) پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے، کپتان بابراعظم اپنے 161 رنز میں مزید اضافہ کیے بغیر آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان نے 317 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا لیکن کپتان بابراعظم دوسرے روز پہلے اوور کی چوتھی گیند پر ٹم ساوتھی کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 161 رنز کی اننگز کھیلی۔
قومی ٹیم اب تک 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 377 رنز بنا چکی ہے، آغا سلمان اور نعمان علی وکٹ پر موجود ہیں۔ قومی ٹیم نے ٹیسٹ کے پہلے روز ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی تین وکٹیں 48 کے اسکور پر گرگئیں جب کہ چوتھی وکٹ 110 رنز پر گری جس کے بعد کپتان بابراعظم اور سرفراز احمد نے ٹیم کو سہارا دیا۔ دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 196 رنز بنائے گئے، کھیل کے آخری اوورز میں سرفراز احمد 86 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس سے قبل، اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق 7 رنز، شان مسعود 3 رنز، امام الحق 24 رنز اور سعود شکیل 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔ قومی ٹیم میں وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد اور فاسٹ بولر میر حمزہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ بلے باز امام الحق کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ سرفراز احمد نے تقریباً 4 سال قبل 2019ء میں بحیثیت کپتان جنوبی افریقا کے خلاف جوہانسبرگ میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ سرفراز احمد ہوم گراؤنڈ پر اپنا میچ کھیل رہے ہیں۔ فاسٹ بولر میر حمزہ نے آخری مرتبہ ٹیسٹ میچ 2018 میں کھیلا تھا۔