کینیڈا میں 59سالہ شخص کے قتل کے الزام میں 8 نو عمر لڑکیاں گرفتار

مقتول حملے کے وقت بے گھر افراد کے لیے بنائی گئی ایک پناہ گاہ میں رہ رہا تھا،پولیس کا بیان

ٹورنٹو(انٹرنیشنل ڈیسک) کینیڈا میں ایک 59 سالہ شخص کے قتل کے الزام میں 8 نو عمر لڑکیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں 59 سال شخص کو چاقو کے وار سے قتل کرنے کے واقعہ میں 8 لڑکیوں پر فرد جرم عائد کردیا گیا۔پولیس نے کہا کہ لڑکیاں(جن کی عمریں 13 اور 16 کے درمیان ہیں)کو جائے وقوعہ کے قریب سے اتوار کو قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا مقتول جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا حملے کے وقت بے گھر افراد کے لیے بنائی گئی ایک پناہ گاہ میں رہ رہا تھا۔پولیس کا خیال ہے کہ لڑکیوں نے جھگڑے کے بعد ٹورنٹو 59 سالہ شخص پر چاقو سے حملہ کیا اور فرار ہوگئیں۔بعد ازاں ایمرجنسی اہلکاروں نے متاثرہ شخص کو زخمی حالت میں دیکھا اور اسپتال لے گئے جہاں وہ جان کی بازی ہار گیا۔پولیس کے مطابق واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔