برازیلی شہری نے فیفاورلڈکپ میں سب سے زیادہ شرکت کرکے عالمی ریکارڈ بناڈالا

برازیل:(سپورٹس ویب ڈیسک ) 75 سالہ فٹبال کے مداح نے سب سے زیادہ مرتبہ فیفا ورلڈکپ میں شرکت کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ بنا لیا ۔ کھیلوں کے شوقین افراد ساری دنیا میں موجود ہیں اور ہر مداح چاہتا ہے کہ وہ اپنے پسندیدہ کھیل میں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے میدان میں جائے ،ان میں سے کچھ دیوانے ایسے بھی ہوتے ہیں کہ وہ ہر بڑے ایونٹ میں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں ۔

برازیل کے ڈینیئل بروزی اس وقت سب سے زیادہ فٹبال ورلڈکپ میں شرکت کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں ، 75 سالہ ڈینیئل بروزی جو پیشے کے اعتبارسے ڈینٹسٹ ہیں ، گزشتہ 44 سال سے فٹبال ورلڈکپ میں برازیل کو سپورٹ کرنے میدان میں پہنچ جاتے ہیں۔

گنیزورلڈ ریکارڈز حکام کے مطابق ڈینیئل نے گزشتہ 44 سال کے دوران ہونے والے فیفا ورلڈکپ میں سوائے اسپین میں ہونے و الے 1982 کے ورلڈکپ میں شرکت نہیں کی۔

گزشتہ ہفتے قطر میں ہونے والے 22 ویں ورلڈکپ میں بھی ڈینیئل شرکت کے لیے پہنچے اور اس ایونٹ میں سب سے زیادہ 11 فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں شرکت کرنے کا گنیز ریکارڈ قائم کیا۔

ڈینیئل کا فیفا ورلڈکپ میں بطور شائق شرکت کرنے کا سفر 1978 میں ارجنٹینا میں ہونے والے ورلڈکپ سے شروع ہوا اس کے بعد وہ اب تک 11 ویں ورلڈکپ میں برازیل کی حمایت کیلئے میدان میں پہنچے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام شامل ہونے کے بعد ڈینیئل نے کہا کہ یہ زبردست ہے، لیکن وہ چاہتے ہیں کہ ان سے دوسرے لوگ بھی متاثر ہوں اور فیفا ورلڈکپ میں شرکت کرکے کوئی میرا ریکارڈ بھی توڑے، ان کا کہنا تھا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل ہونے کے باوجود میرا سفر ابھی ختم نہیں ہوا، میں 2026 کے ورلڈکپ میں برازیل کو سپورٹ کرنے پہنچوں گا۔