مراکشی کھلاڑیوں کی ماؤں کے ساتھ بادشاہ کے استقبالیے میں شرکت

رباط: (سپورٹس ویب ڈیسک) قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی مراکشی ٹیم کے اعزاز میں شاہی محل میں استقبالیے کا انعقاد کیا گیا جس میں کھلاڑیوں نے اپنی ماؤں کے ساتھ شرکت کی۔ عرب میڈیا کے مطابق فٹبال ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد مراکش کی ٹیم نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کر لی ہے، مقبولیت کی وجہ سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹیم کی ایک تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں کھلاڑی اپنی ماؤں کے ساتھ مراکش کے بادشاہ محمد ششم کے استقبالیے میں شریک ہیں۔

مراکش کی ٹیم کی ورلڈ کپ میں تاریخی کارکردگی کے پیچھے کھلاڑیوں کی ماؤں کا کافی اثر رہا ہے جو سٹیڈیم کے اندر اور باہر اپنے بیٹوں کو سپورٹ کرتی نظر آئی ہیں، پرتگال کے خلاف بھی جیت کے بعد کھلاڑی سفیان کو والدہ کے ساتھ جیت کا جشن مناتے دیکھا گیا تھا۔

تقریب میں بادشاہ نے مراکشی رائل فٹبال فیڈریشن کے صدر فوزی لقجع اور قومی ٹیم کے کوچ وليد الركراكی کو آرڈر آف دی تھرون سے نوازا جبکہ مراکشی کھلاڑیوں کو ان کی کارکردگی پر ایوارڈز دیے گئے اور تکنیکی ٹیم سمیت میڈیکل ٹیم کو شاہی تمغے دیے گئے۔