زیلنسکی کا روسی حملے کے بعد پہلا دورہ امریکہ ، بائیڈن سے ملاقات متوقع

کیف : (انٹرنیشنل ڈیسک) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی فروری میں ہونے والے روسی حملے کے بعد پہلی بار امریکہ کا دورہ کرنے جا رہے ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ کانگریس سے تعلق رکھنے والے دو ذرائع کے علاوہ ایک اور شخص جو اس دورے سے مکمل طور پر آگاہ ہیں ، یوکرینی صدر کے دورہ امریکہ کی تصدیق کی ہے۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے دورے کے طے شدہ شیڈول میں صدر جو بائیڈن سے ملاقات اور کیپٹل ہل میں خطاب بھی شامل ہے۔

یوکرینی صدر کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کے قانون ساز آئندہ چند روز میں سال کے اختتام پر اخراجات کے پیکیج کے حوالے سے ووٹ دیں گے اور اس میں یوکرین کے لیے 45 ارب ڈالر کی امداد بھی شامل ہے۔

اسی طرح یوکرین کی روسی حملوں سے حفاظت کے لیے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلز کی فراہمی بھی پیکیج کا حصہ ہے۔ زیلنسکی کا یہ دورہ ان کے اس جرات مندانہ دورے کے ایک روز بعد سامنے آیا جس میں وہ فرنٹ لائن کے قریب شہر باخموت میں اس مقام کا دورہ کرتے نظر آئے جس کو انہوں نے ’سب سے زیادہ خطرناک مقام‘ قرار دیا تھا۔

یہ ایک غیراعلان شدہ دورہ تھا جس کو اس انداز میں پیش کیا گیا جس سے روس کی ناکامی ظاہر ہوئی کیونکہ روسی فوجی اس شہر پر قبضے کی کوشش کر رہے ہیں۔