ترکیہ میں کار بم دھماکہ ، 8 پولیس اہلکار زخمی

استنبول (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکیہ میں علی الصبح کار میں ہونے والے بم دھماکے میں 8 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکا جمعہ کی علی الصبح ترکیہ کے جنوب مشرقی صوبے دیارباقر میں ہوا جس کے نتیجے میں اب تک 8 پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا ہےکہ بم سڑک کنارے کھڑی گاڑی میں نصب تھا، گاڑی میں صبح 5 بجے کے قریب دھماکا ہوا جس کی زد میں قریب سے گزرنے والی پولیس وین بھی آگئی ۔

صوبائی گورنر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں کوئی شدید زخمی نہیں ہوا تاہم پولیس کی بس میں سوار 9 سکیورٹی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ترک وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد دو مشکوک افراد کوسہولت کاری کے شبہ میں زیر حراست لیا گیا ہے ۔