اسلام آباد میں لڑکی نے ڈرائیونگ سیکھنے کے دوران 40 سالہ شخص کو گاڑی کے نیچے کچل دیا

جاں بحق ہونے والا شخص اپنی مالکن کے ساتھ زیر تعمیر مکان کی نگرانی کر رہا تھا،لڑکی موقع سے فرار ہو گئی، مقدمہ درج کر لیا گیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) اسلام آباد میں لڑکی نے ڈرائیونگ سیکھنے کے دوران 40 سالہ شخص کو گاڑی کے نیچے کچل دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیش آیا جہاں پر ایک لڑکی ملازم کے ساتھ گاڑی سیکھ رہی تھی جہاں ایک شخص تیز رفتار بےقابو گاڑی کی زد میں آ گیا۔جاں بحق ہونے والا شخص اپنی مالکن کے ساتھ زیر تعمیر مکان کی نگرانی کر رہا تھا۔
خاتون کی مدعیت میں گاڑی چلانے والی لڑکی اور ملازم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔تھانہ گولڑہ میں درج کیے گئے مقدمہ میں حادثاتی دفعات شامل کی گئیں۔خاتون کے مطابق ملازم کے ساتھ زیر تعمیر مکان کی نگراہی کر رہی تھی کہ اس دوران تیز رفتار گاڑی بےقابو کر کرمیرے ملازم سلطان سکندر پر چڑھ دوڑی۔


زخمی ملازم اسپتال جاتے ہوئے راستے میں چل بسا۔
حادثے کی ذمہ داری لڑکی اپنے ملازم کے ساتھ موقع سے فرار ہو گی۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ گولڑہ میں مقدمہ نمبر 1430/22 درج کرلیا گیا۔ تیز رفتار گاڑی نے سلطان سکندر کو ٹکر ماری۔ ٹکر لگنے سے سلطان سکندر کی موقع پر موت واقع ہوگئی۔اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملزمہ کی شناخت عدن تیمور کے نام سے ہوئی۔ وقوعہ کی تفتیش بلا امتیاز مقام و مرتبہ انصاف کے اصولوں کے مطابق کی جارہی ہے۔ ملزمہ کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔


یہاں واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ذرائع سے چلنے والی خبروں کے مطابق گاڑی سیکھنے والی لڑکی کی عمر صرف 13 برس ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔