سی ٹی ڈی پنجاب کا ساہیوال میں آپریشن ،ایک مبینہ دہشتگرد گرفتار،دہشت گردی کا منصوبہ ناکام،ترجمان

لاہور (کرائم ڈیسک) کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی )نے ساہیوال میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ایک مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ ایک مشتبہ شخص ساہیوال کے علاقے لنک کینال 136/9ایل ضلع ساہیوال کے قریب دہشت گردی کی کارروائی کے ذریعے مخصوص اہداف کو نشانہ بنانا چاہتا ہے۔

سی ٹی ڈی پنجاب نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔گرفتار مبینہ دہشت گرد خرم علی کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے سے ہے اور اس کے قبضہ سے بارودی مواد ، ایک آئی ای ڈی،30 بور کا ایک پستول اور 6 گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ ملزم کے خلاف سی ٹی ڈی ساہیوال میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔