سی پی او کی سربراہی میں خطرناک گینگز کے خلاف آپریشن،20ملزمان بھاری اسلحہ سمیت گرفتار

راولپنڈی (کرائم ڈیسک) سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری کی سربراہی میں راولپنڈی پولیس نے تھانہ چونترہ کی حدود میں خطرناک گینگز کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 20 ملزمان کو بھاری اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا ہے.

پولیس ترجمان کے مطابق منگل کی رات کوچونترہ کے علاقہ میں بڑا جرائم پیشہ گینگز کے خلاف آپریشن کیا گیا جس میں راولپنڈی پولیس کے اعلیٰ افسران اور ایلیٹ کمانڈوز کی خصوصی ٹیموں نے حصہ لیا، آپریشن کے دوران لادیاں سے سنگرال تک کے علاقوں میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے گردو نواح میں قائم ڈیروں پر ریڈ کرتے ہوئے20 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں شاہد، جان اللہ، مسعود، حیات اللہ، یاسین، نور سید، رحیم، سخی داد، میکائیل، علی، زرین، محمود، قدیر، نعمت گل، سید محمد، شیر محمد، حسن، کفایت اللہ، نور رحمان اور حمزہ اللہ شامل ہیں، ملزمان کے قبضہ سے 223 بور رائفل 07 عدد، 03 ریپیٹر 12 بور، 03 عدد جی تھری رائفل، 01 عدد 9 ایم ایم، 01 سیون ایم ایم، 01 عدد 08 ایم ایم رائفل اور ایک کلاشنکوف برآمد ہوئیں، ملزمان سے 27 عدد میگزین اور سینکڑوں گولیاں اور کارتوس بھی برآمد ہوئے،

اس حوالے سے سی پی او راولپنڈی سید شہزاد ندیم بخاری کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کا مقصد جرائم پیشہ عناصر اور ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائی کرنا ہے، قبضہ مافیا اور انسانی جانوں سے کھیلنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، قبضہ مافیا کے لئے کلئیر میسج ہے کہ قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔