اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شہید ،14 افراد گرفتار

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مغربی کنارے کے شہر بیت اللحم میں فائرنگ کر کے 22سالہ فلسطینی نوجوان کو شہید کر دیا۔

عالمی ذرائع ابلاغ نے فلسطینی وزارت صحت کے حوالہ سے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے پیر کوبیت اللحم کے گائوں الدهيشةمیں پناہ گزین کیمپ پر حملہ کیا جس کے بعد اسرائیلی فوجیوں اور درجنوں فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں اور اس دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 22سالہ فلسطینی نوجوان عمر منا شہید ہو گیا۔

فلسطینی سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے پیر کو مغربی کنارے کے متعدد علاقوں میں فلسطینی کارکنوں کے گھروں پر حملہ کر کے 14افراد کو گرفتار کر لیا۔