جعلی راجکماری کی بڑھکیں اور فلمی سٹائل نیب کی سزا سے نہیں بچا سکتا: فردوس عاشق اعوان

لاہور(بیورو رپورٹ) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج کے این سی او سی کے اجلاس کے فیصلوں پر حکومت پنجاب عملدرآمد کو یقینی بنانے جا رہی ہے۔ جن علاقوں میں 8سے 12فیصد تک کورونا پھیل رہا ہے وہاں سمارٹ لاک ڈاو ¿ن کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لئے بازاروں، درباروں اور دیگر تفریحی مقامات کو بند کیا جائے گا۔پنجاب میں دسمبر تک 74لاکھ ویکسی نیشن فراہم کی جائے گی۔ صوبے میں 95211ساٹھ سال اور اس سے زائد عمر کے لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ آج ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ اگلے دو ہفتوں میں ویکسی نیشن کے اس پراسیس میں 55 سال کے لوگوں کو شامل کیا جائے گا اور دسمبر تک اس پراسیس کو مکمل کر لیا جائے گا۔عوام سے اپیل ہے کہ جو لوگ رجسٹریشن کروا چکے ہیں وہ اپنی اپنی باری پر ویکسی نیشن سینٹر جا کر اس سہولت سے مستفید ہوں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے اجلاس میں ہیلتھ انشورنس کارڈ کی بروقت اور فی الفور فراہمی یقینی بناتے ہوئے ساہیوال اور ڈی جی خان میں فی الفور ہیلتھ کارڈز جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ صوبہ بھر میں ایک طرف کورونا کا چیلنج ہے اور پنجاب کے گنجان آبادی والے اضلاع میں کورونا سے نمٹنے کے لئے اقدامات کو یقینی بنانے کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔دوسری طرف نانی اماں نے کل مسلم لیگ یوتھ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور آئینی اداروں پر حملہ کرنے کی ترغیب دی۔ وہ نیب جانا چاہتی ہیں لیکن فلمی سٹائل میں بڑھکیں مار کر، للکار کر اور فوٹو شوٹنگ کر کے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جعلی راجکماری کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ آپ پھولن دیوی کا روپ نہ دھاریں سیاست آپ کے بس کا روگ نہیں ہے۔
ن لیگی سیاست میں ن اور ش جو مدمقابل آ گئے ہیں آپ کی دال گلتی نظر نہیں آتی۔ ساری دنیا جانتی ہے کہ ظل سبحانی کو کرپشن کی وجہ سے نکالا گیا اور ایک مریض جو دوائی لینے گیا تھا وہ پاکستان آنے کو تیار نہیں۔ قانون کو ہاتھ میں لینے کی بجائے قانون کو جواب دیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ قانون سے طاقتور کوئی نہیں ہوتا۔ آپ کو قانون کے تابع ہونا ناگوار گزر رہا ہے۔
آپ نے جو نیب کو للکارا، گالی گلوچ کی، نیب آپ کو ایک ملزم کی حیثیت سے ناجائز اثاثہ جات، منی لانڈرنگ کا پوچھنے کے لئے بلا رہا ہے۔ اداروں کو تابع بنانے کی کوشش نہ کریں۔معاون خصوصی نے کہا کہ نوجوان نانی اماں کی لوریاں ضرور سنیں لیکن جس نے بھی قانون کو ہاتھ میں لیا وہ اپنا مستقبل خراب کرے گا۔ نوجوان اپنے ہاتھ قانون شکنی سے نہ رنگیں حکومت ان ہاتھوں میں قلم اور ٹیکنالوجی سے جڑی ترقی دیکھنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے تدارک کے لئے میڈیا ہراول دستے کا کردار ادا کرے۔ عوام کی تھوڑی سی لاپرواہی قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے صوبے کے مختلف اضلاع میں جا کر زمینی حقائق کو جانچنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور حافظ آباد کا دورہ کر کے عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کو یقینی بنائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ بھی ویکسی نیشن کروا لیں۔ ساٹھ سال سے اوپر کے تمام سیاسی لیڈر ویکسی نیشن کروائیں اور ویکسین کے حوالے سے ابہام کو دور کریں۔ ن لیگ کے یوتھ کنونشن میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کے حوالے سے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر کارروائی ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں